کاروار:29؍اگست (ایس اؤ نیوز)آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ اور پوشنا ابھیان کے تحت صحت کی جانچ کرنےکے لئے مختلف اسکیموں کو نافذ کیا جارہاہے۔ اس سلسلےمیں مستحق مستفیدین کی نشان دہی کرتےہوئے منصوبے کو کامیاب بنانے میں مختلف محکمہ جات کے افسران ، مقامی اداروں کا تعاون اہم اور ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ناگراج سنگریز نے کیا۔
وہ جمعرات کو کاروار ڈی سی ہال میں آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ اور پوشنا ابھیان کے متعلق منعقدہ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے بات کررہے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ صحت سے متعلقہ خدمات کو صرف صحت عامہ محکمہ کی طرف سے انجام دینے والا کام نہیں ہے بلکہ اس کے متعلقہ شہری ترقیاتی ، مقامی انتظامیہ ادارے، خواتین و اطفال ترقی، خاندانی فلاح وبہبودی محکمہ جات کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے منصوبے کو نافذ کیاجائے اور اس کے لئے اوقات کی فہرست تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے مختلف محکمہ جات کے آفسران کو آپسی تال میل سے کام کرنے کی بات کہی۔ پوشنا ابھیان کے تحت اے پی ایل یا بی پی ایل راشن کارڈ والی حاملہ خواتین کا مناسب علاج اور مقوی غذا دینےکا انتظام کرنے کی بھی انہوں نے ہدایت دی اور اس کے لئے آشا کارکنان اور آنگن واڑی کارکنان کو متحرک ہونےکوکہا۔ میٹنگ میں محکمہ صحت عامہ اور خاندانی فلاح و بہبودی سمیت مختلف محکمہ جات کے افسران وغیرہ موجود تھے۔